Thursday, March 28, 2024

اورنج لائن ٹرین منصوبہ ، بجٹ کی انتظامی سطح پر منظوری 15 روز میں مکمل کرنیکا حکم

اورنج لائن ٹرین منصوبہ ، بجٹ کی انتظامی سطح پر منظوری 15 روز میں مکمل کرنیکا حکم
November 15, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) سپریم کورٹ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کیلئے بجٹ کی انتظامی سطح پر منظوری کا عمل پندرہ روز میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ میں اہم مقدمات کی سماعت ہوئی۔ فوکل پرسن علیم سبطین کے کنٹریکٹ کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ بھی ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو دیکھنے کی ہدایت کی گئی۔ کیس کی آئندہ سماعت اتوار کو لاہور رجسٹری میں ہو گی۔ ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس میں عدالت نے ماہر ماحولیات ڈاکٹر پرویز حسن  کو حتمی رپورٹ پیش کرنے کیلئے 15 دن کا وقت دیدیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ بھٹوں کی بندش سے پیدا ہونے والی بے روزگاری اہم بنیادی حقوق کا معاملہ ہے۔ اس کا کوئی حل تلاش کریں۔ آئندہ سماعت لاہور رجسٹری میں ہو گی۔ گلگلت بلتستان کے آئینی حقوق کیلئے کابینہ کمیٹی کو پندرہ روز میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی گئی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے  حکومت کو متعدد بار وقت دیا لیکن ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔ محض کمیٹیاں بنا دی جاتی ہیں۔ جسٹس گلزار نے ریمارکس دئیے 1947 سے ہی ہمیں یہ معاملہ حل کر لینا چاہیئے تھا لیکن افسوس کہ ہم ہر معاملے کو سرد خانے میں ڈال دیتے ہیں۔ اسلام آباد میں پلاٹ الاٹمنٹ سے متعلق کیس میں چیف جسٹس کا سی ڈی اے حکام پر برہمی کا اظہار آیا۔ ریمارکس دئیے سی ڈی اے میں بندر بانٹ ہو رہی ہیں۔  کل سی ڈی اے نے ایسا کام کیا کہ ہم حیرت زدہ رہ گئے سی ڈی اے حکام نے کل بھی ہمیں ایک معاملے میں گمراہ کرنے کی کوشش کی۔  عدالت نے ایگرو فارم حاصل کرنے والے افراد کی لسٹ طلب کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔