Friday, April 26, 2024

اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے پنجاب حکومت اور ایگزم بینک آف چائنہ کے مابین معاہدہ

اورنج لائن میٹرو ٹرین کیلئے پنجاب حکومت اور ایگزم بینک آف چائنہ کے مابین معاہدہ
December 22, 2015
لاہور (92نیوز) پنجاب حکومت اور ایگزم بینک آف چائنہ کے مابین لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ وزیراعلی شہبازشریف کا کہنا تھا کہ منصوبے کو 24 ماہ میں مکمل کرنے کی کوشش کرینگے۔ تفصیلات کے مطابق ایوان وزیراعلی میں معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب کے مہمان خصوصی میاں شہبازشریف تھے۔ معاہدے کے تحت ایگزم بینک آف چائنہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کیلئے نہایت آسان شرائط پر 162 ارب روپے کے فنڈز فراہم کرےگا۔ شہبازشریف نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا عظیم الشان منصوبہ پاکستان کے 18کروڑ عوام کیلئے چین کی حکومت اور قیادت کا شاندار تحفہ ہے۔ اڑھائی برس قبل دونوں ملکوں کے درمیان معاشی و اقتصادی تعاون کاجوسفر شروع ہوا وہ اب پاکستان کے کونے کونے تک پھیل رہا ہے۔ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کاکہناتھاکہ اپنی پالیسیوں کی بدولت پنجاب میکرو اکنامک طور پر مستحکم ہوا‘ ہماری سمت درست ہے اور ہم اپنے اہداف حاصل کر رہے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ معاہدے کی رو سے اس منصوبے کو 27ماہ میں مکمل کیا جانا ہے تاہم ہم اس منصوبے کو 24 ماہ میں مکمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ ریلوے اور نورینکو الیکٹریکل اور میکینکل ورکس کے حوالے سے پاکستانی کمپنیوں کو سب کنٹریکٹ بھی دے سکتے ہیں۔