Friday, May 17, 2024

اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ مکمل کرنے کیلئے نئی تاریخ مل گئی

اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ مکمل کرنے کیلئے نئی تاریخ مل گئی
August 5, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ مکمل کرنے کیلئے نئی تاریخ مل گئی، سپریم کورٹ نے جنوری 2020 تک منصوبہ مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ قرار دیا کہ عدالت منصوبے کی نگرانی خود کرے گی،جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ منصوبے میں تاخیر سے لاگت بڑھ رہی ہے،کیا اضافی لاگت سیکرٹری ٹرانسپورٹ ادا کریں گے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ کیس کی سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے  کی ، عدالت نے  منصوبے میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کردیا اور استفسار کیا کہ منصوبہ کب مکمل ہوگا،  ابتک کتنے پیسے خرچ ہوچکے ہیں۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ منصوبے پر ابتک 169 بلین روپے خرچ ہوچکے ہیں  ، جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ منصوبے میں تاخیر سے لاگت بڑھ رہی ہے، کیا اضافی لاگت سیکرٹری ٹرانسپورٹ ادا کریں گے ، عدالت منصوبہ ہر حال میں مکمل کرائے گی۔ جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ  یہ منصوبہ گزشتہ حکومت نے شروع کیا تھا جو اکتوبر 2018 میں مکمل ہونا تھا۔ جسٹس اعجاز الحسن کے استفسار پر پراجیکٹ ڈائریکٹر سبطین فضل حلیم نے آزمائشی ٹرین چلانے سمیت دیگر تکنیکی جانچ کیلئے جنوری 2020 تک کا وقت دینے کی استدعا کردی جو  منظور کرلی گئی۔ عدالت نے قرار دیا کہ کہ منصوبے کی نگرانی عدالت خود کرے گی ، سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد دوبارہ ہوگی۔