Friday, May 17, 2024

اورنج لائن منصوبے کی قرض واپسی کی تاریخ قریب آنے لگی ‏

اورنج لائن منصوبے کی قرض واپسی کی تاریخ قریب آنے لگی ‏
October 12, 2019
لاہور ( 92 نیوز) اورنج لائن منصوبہ تومکمل نہ ہوا لیکن قرض کی واپسی کی تاریخ قریب آنےلگی ،  2024 سے لے کر 2036 تک منصوبے کا قرض سود سمیت واپس کرنا ہوگا لیکن موجودہ حکومت کی غیر سنجیدگی کی انتہا ہے کہ ایک سال میں دس فیصد کام بھی نہ کروا سکی۔ خادم اعلیٰ کا منصوبہ 2036 تک پنجاب کی معیشت کا جنازہ نکالے گا ، اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے سے پنجاب کے قرضوں میں بھی کھربوں کااضافہ ہوگا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے  پنجاب حکومت کو اورنج لائن ٹرین کو چالو کرنے کے لیےحتمی طورپر جنوری کی تاریخ پر دی گئی ہے ، ابھی بھی منصوبہ کا چار سے چھ فیصد کام باقی ہے جس کو مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ لیکن منصوبے کی تاخیر کے ساتھ اس کی لاگت چار سو ارب سے تجاوز کر گئی ہے جس میں تاخیر کے ساتھ ڈالر بھی اونچی اُڑان بھی شامل ہے ، پنجاب حکومت نےمنصوبے کے لیے چین کے ایگزام بینک سےایک ارب ساٹھ کروڑ ڈالر قرض لیا اور ساٹھ ارب روپے سول ورک کے خود لگائے ،  چین سے لیے گئے قرض کی واپسی کاعمل 2024 سے شروع ہوگا اور 2036 تک ادائیگی مکمل کرنا ہوگی۔ عدالت حکم امتناعی اور منصوبہ بندی کے فقدان اور تحریک انصاف کی حکومت کی عدم دلچسپی کے باعث منصوبہ تاحال نامکمل ہے ، نو کھرب ترپن ارب کی مقروض پنجاب حکومت 2024 سے اورنج لائن ٹرین کا قرض واپس کرے گی۔ ذرائع کے مطابق اورنج لائن میٹروٹرین  ٹیسٹ رن اس ماہ شروع کر دیا جائے گا،ٹیسٹ رن کے تین ماہ بعد منصوبہ باقاعدہ شروع ہونے کاامکان ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے 92نیوز کے پروگرام ہارڈ ٹاک میں کہا تھا کہ اورنج ٹرین منصوبہ جلد شروع کریں گے۔