Thursday, April 18, 2024

اورنج لائن منصوبہ ، ایک ارب روپے کی بینک گارنٹی سپریم کورٹ میں جمع

اورنج لائن منصوبہ ، ایک ارب روپے کی بینک گارنٹی سپریم کورٹ میں جمع
January 16, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) لاہور میں اورنج لائن منصوبے پر تعمیراتی کمپنیوں نے ایک ارب روپے کی بینک گارنٹی سپریم کورٹ میں جمع کروا دی۔ اورنج لائن ٹرین منصوبہ از خود نوٹس کیس میں عدالتی استفسار پر وکیل ایل ڈی اے نے موقف اختیار کیا کہ بورڈ میں پراپرٹی ڈیلز کی شمولیت کا علم نہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ یہ تو سیدھا سیدھا مفادات کا ٹکرائو ہے۔ مفادات کے ٹکرائو کا کیس آیا تو جائزہ لینگے۔ ادھر تعمیراتی کمپنیوں نے ایک ارب روپے کی بنک گارنٹی عدالت میں جمع کرا دی جبکہ ایک ارب روپے کی چیکس بھی عدالت سے حاصل کر لیے جس کے بعد سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس نمٹا دیا۔ عدالت نے مسیحی برادری کی شادیاں رجسٹر کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ چیف جسٹس نے کرسچن میرج رجسٹریشن کیس کا محفوظ شدہ فیصلہ پڑھ کر سنایا اور نادرا کو کمپیوٹرائزڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی ہدایت کی۔ قرار دیا کہ پنجاب حکومت مسیحییوں کی شادیاں رجسٹر کرنے کیلئے متعلقہ قواعد بنائے۔ دوسری طرف فضائی آلودگی کیس میں عدالتی کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر پرویز حسن کی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہونے کی استدعا چیف جسٹس نے مسترد کر دی اور کہا مفاد عامہ کے معاملوں پر آپ نے ہمیشہ کورٹ کی مدد کی۔ ہم آپ کو جانے نہیں دیں گے۔ آپ فضائی آلودگی کے معاملے پر عدالت کی معاونت جاری رکھیں گے۔ عدالت نے کیس نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ کیس کا فیصلہ بعد میں جاری کیا جائیگا۔ چیف جسٹس نے 18 آئینی ترمیم اختیارات کیس کا مختصر فیصلہ بھی سنا دیا۔ سندھ حکومت کی اپیل مسترد کر دی اور قرار دیا کہ جناح ہسپتال کراچی کا کنٹرول وفاقی حکومت کے پاس ہی رہے گا۔