Friday, April 19, 2024

اورلینڈو نائٹ کلب میں فائرنگ کے ملزم عمر متین کی بیوہ گرفتار

اورلینڈو نائٹ کلب میں فائرنگ کے ملزم عمر متین کی بیوہ گرفتار
January 17, 2017

فلوریڈا (92نیوز) امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر اورلینڈو میں نائٹ کلب پر حملہ کرنے والے ملزم عمر متین کی بیوہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ نورسلمان پر دہشت گردی کے واقعے کے بارے میں پولیس کو اطلاع نہ دینے کا الزام ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ نے تصدیق کی ہے کہ نور سلمان کو سان فرانسسکو سے گرفتار کیا گیا۔ اورلینڈو پولیس اور ایف بی آئی نے یہ جاننے کی کوشش کی تھی کہ کیا نور سلمان کو اپنے شوہر کے دہشت گردی کےمنصوبہ کا پیشگی علم تھا۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ نور سلمان اپنے شوہر کے ہمراہ ایک بار اورلینڈو نائٹ کلب گئی تھی اور جب عمر متین اسلحہ خریدنے گیا تب بھی نور سلمان اس کے ساتھ تھی۔

نور سلمان نے فوری طور پر اپنی گرفتاری پر کوئی بیان نہیں دیا۔ اورلینڈو کلب پر حملے میں انچاس افراد ہلاک جبکہ پچاس سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ نورسلمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔