Tuesday, April 16, 2024

اوباما کا شاہ سلمان اور محمد النہیان سے ٹیلیفون پر رابطہ، کسی بھی جارحیت کی صورت میں مکمل تعاون کی یقین دہانی

اوباما کا شاہ سلمان اور محمد النہیان سے ٹیلیفون پر رابطہ، کسی بھی جارحیت کی صورت میں مکمل تعاون کی یقین دہانی
July 15, 2015
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے سعودی عرب کے شاہ سلمان اورمتحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد النہیان کو ٹیلی فون کر کے ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور انہیں کسی بھی جارحیت کی صورت میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ وائٹ ہاوس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے بتایا کہ معاہدے کے بعد صدر اوباما نے شاہ سلمان کو فلاڈیلفیا سے فون کیا اور ایران کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی شرائط سے آگاہ کیا جبکہ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزادہ محمد النہیان کو بتایا کہ معاہدے سے ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنا پائے گا اور اس کی باقاعدہ تصدیق ہو گی کہ وہ ایٹمی ہتھیار نہیں بنا رہا۔ اوباما کے ساتھ گفتگو کے دوران خلیجی ریاستوں کے حکمرانوں نے معاہدے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا خیا ل تھا کہ پابندیاں ہٹنے سے ایران کو پڑوسی ممالک میں مداخلت کیلئے شہ ملے گی۔ اوباما کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے اتحادی ممالک کے استحکام کیلئے تعاون کرتا رہے گا اور انہیں عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے سرگرمیوں پر نظر رکھے گا اور ساتھ ہی ان کو سلامتی ودفاع کیلئے صلاحیتیں بڑھانے میں بھر پور مدد دے گا جبکہ خطے میں مسائل کے حل کی کوششیں کرتا رہے گا۔