Thursday, March 28, 2024

اوباما سے ملاقات اچھا موقع، وزیراعظم اہم ایشوز پر پاکستانی نقطہ نظر پیش کریں: شاہ محمود قریشی

اوباما سے ملاقات اچھا موقع، وزیراعظم اہم ایشوز پر پاکستانی نقطہ نظر پیش کریں: شاہ محمود قریشی
October 22, 2015
لاہور (92نیوز) سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اوباما سے ملاقات کا موقع اچھا ہے۔ وزیراعظم تین اہم ایشوز پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں۔ کہتے ہیں ایٹمی ٹیکنالوجی پاکستان کی ضرورت ہے۔ ضرب عضب نے دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ دیا ہے۔ 92نیوز سے خصوصی گفتگومیں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف کو تینوں اہم ایشوز پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنا ہوگا۔ قوم میں اتفاق رائے ہے، افغانستان کی صورت حال، ہندوستان سے تعلقات میں کشیدگی اور مذاکرات میں تعطل دکھائی دے رہا ہے جبکہ ایٹمی ٹیکنالوجی اہم ضرورت ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے حکومت کے ساتھ اختلافات سب کے سامنے ہیں۔ بیرونی قوتیں دہشت گردوں کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ قندوز شہر کا ہاتھ سے نکل جانا بھی خطرے سے خالی نہیں۔ بھارت انتہاپسندی کی لپیٹ میں آ چکا ہے جبکہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت تمام ایشوز پر ایک پیج پر ہے۔