Thursday, April 18, 2024

او آئی سی کشمیر رابطہ گروپ کا کشمیریوں کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے پر اظہار تشویش

او آئی سی کشمیر رابطہ گروپ کا کشمیریوں کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے پر اظہار تشویش
September 26, 2019
 نیو یارک (92 نیوز) او آئی سی کشمیر رابطہ گروپ نے کشمیریوں کی شناخت اور جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے پر اظہار تشویش کیا۔ اسلامی تعاون تنظیم رابطہ گروپ برائے کشمیر کا وزارتی اجلاس ہوا۔ او آئی سی سیکریٹری جنرل نے اجلاس کی صدارت کی ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال، بھارتی بربریت پر بریفنگ دی ۔ او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر کے وزارتی اجلاس کے اختتام پر متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ رابطہ گروپ کے اعلامیہ میں کہا گیا تنازعہ کشمیر پر پوزیشن، تمام قراردادوں پر ازسرنو تجدید مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ بھارت کے پانچ اگست کے غاصبانہ اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کی آٹھ اگست کے بیان کا خیر مقدم کیا گیا اور کہا گیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر  اقوام متحدہ چارٹر، سلامتی کونسل قراردادوں اور دوطرفہ معاہدات کے تحت حل کیا جائے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا آج کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں صدر آزاد کشمیر نے کشمیریوں کی نمائندگی کی۔ اجلاس میں ایک مشترکہ اعلامیہ پر تمام ممبران نے توثیقی دستخط کیے۔ آج جن لوگوں کو او آئی سی کے حوالے سے ابہام تھا وہ ختم ہو گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا آج پوری امہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے مکمل طور پر متحد ہے۔ آج صبح وزیر اعظم عمران خان نے نیویارک ٹائمز کے ایڈیٹوریل بورڈ سے ملاقات کی۔ آج وزیر اعظم عمران خان کی ناروے کے وزیر اعظم سے ملاقات ہو گی اور کشمیر اس میں زیر بحث آئے گا۔ میں جی سی سی کے اجلاس میں بھی آج مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو اٹھاؤں گا۔ انہوں نے کہا کشمیریوں کی آواز روز، بروز زور پکڑتی جا رہی ہے جس طرح وزیر اعظم عمران خان نے صدر ٹرمپ سے کشمیر پر دو ٹوک بات کی وہ قابل فخر ہے۔