Friday, April 19, 2024

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس 19 دسمبر کو ہو گا، ترجمان دفتر خارجہ

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس 19 دسمبر کو ہو گا، ترجمان دفتر خارجہ
December 10, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا غیر معمولی اجلاس 19 دسمبر کو اسلام آباد میں ہو گا۔

 افغانستان پر اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا او آئی سی سیکرٹریٹ حکام اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینے  کیلئے 14 دسمبر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ اجلاس میں عالمی بینک، عالمی مالیاتی اداروں  کو  شرکت کی دعوت دی گئی۔ بعض اہم ممالک بالخصوص جرمنی، جاپان، کینیڈا، آسٹریلیا کو بھی مدعو کر رہے ہیں۔ افغانستان کا اعلی سطح وفد بھی او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کرے گا۔ افغان وفد، اجلاس میں شریک ممالک سے براہ راست رابطے کر کے مسائل، نقطہ نظر، مشکلات سے آگاہ کر سکے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے اسلامی تعاون تنظیم وزرائے خارجہ کا غیر معمولی اجلاس 41 سال قبل جنوری 1980 میں منعقد ہوا تھا۔ پاکستان 41 سال بعد افغانستان پر او آئی سی وزرائے خارجہ کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی کر رہا ہے۔ کانفرنس کا مقصد افغانستان میں کسی بھی انسانی المیہ سے بچنے کیلئے اقدامات کرنا ہے۔ افغانستان کی ہنگامی امداد نہ کی گئی، وسائل منجمد رہے تو ایک خطرناک معاشی بحران جنم لے سکتا ہے۔ افغانستان کی نصف آبادی تقریباً 22.8 ملین افراد خوراک کی قلت کا شکار ہو سکتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق تقریباً 3.2 ملین بچے غذائی قلت کا شکار ہو سکتے ہیں۔ افغانستان کے تناظر میں یہ وہ مسائل ہیں جنھیں ہمیں اور دنیا کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ افغانستان میں کسی انسانی المیہ سے افغانستان ہی نہیں ہمسایہ اور دنیا کے دیگر ممالک بھی متاثر ہوں گے۔