Friday, April 26, 2024

 او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کردیا

 او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کردیا
August 31, 2019
ریاض ( 92 نیوز) او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھانے ، مواصلاتی نظام بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ اعلامیہ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بدلنے کا بھارتی اقدام یکطرفہ ہے، خطے میں ترقی اور امن کیلئے پاکستان اور بھارت میں مذاکرات ضروری ہیں۔ اسلامی ممالک کی نمائندہ تنظیم بھی کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پربول پڑی۔اوآئی سی نے مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی فوج کی بربریت اور ظلم کی مذمت کی اور مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے۔ او آئی سی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو تشویش سے دیکھ رہے ہیں، اسلامی تنظیم نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا احترام کیا جائے۔ اپنے اعلامیہ میں اسلامی ممالک کی تنظیم  نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی  حیثیت ختم کرنے پر بھی شدید تحفظات کا اظہارکیا ہے، او آئی سی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کی آئینی حیثیت  کی تبدیلی بھارت کایکطرفہ اقدام ہے، تنازع جموں و کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان مرکزی مسئلہ ہے۔ او آئی سی نے یہ مطالبہ بھی دہرایا کہ تنازع کشمیر کاحل سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق عمل میں لایا جائے کیونکہ پاک بھارت مذاکرات جنوبی ایشیامیں ترقی، امن اور استحکام کیلئے ضروری ہے۔