Sunday, September 8, 2024

انیس قائم خانی کے قریبی ساتھی رضا ہارون کراچی پہنچ گئے

انیس قائم خانی کے قریبی ساتھی رضا ہارون کراچی پہنچ گئے
March 14, 2016
کراچی (92نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما رضا ہارون وطن واپس پہنچ گئے۔ رضا ہارون ایم کیو رابطہ کمیٹی کے سابق رکن اور رکن صوبائی اسمبلی رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق رضا ہارون سال دو ہزار تیرہ میں بیرون ملک چلے گئے تھے۔ رضا ہارون نے انیس سو ستاسی میں ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کی اور آپریشن شروع ہونے کے بعد انیس سو چورانوے میں لندن چلے گئے جس کے بعد سال دو ہزار سات میں کراچی واپس آئے اور دوہزار آٹھ میں ہونیوالے عام انتخابات میں کراچی کے پی ایس ایک سو پندرہ سے کامیاب ہوکر متحدہ قومی موومنٹ کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے اور وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان سنبھالا۔ رضا ہارون سال دو ہزار تیرہ میں بیرون ملک چلے گئے تھے جس کے بعدآج تین سال بعد واپس کراچی آگئے ہیں۔ رضا ہارون مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہو تے ہیں۔ قوی امکان ہے کہ وہ بھی آج مصطفیٰ کمال کے قافلے میں شامل ہوجائیں گے۔