Monday, September 16, 2024

انگلینڈایسی ٹیم نہیں جس کو شکست نہ دی جا سکے : ایشین ڈان بریڈ مین

انگلینڈایسی ٹیم نہیں جس کو شکست نہ دی جا سکے : ایشین ڈان بریڈ مین
August 3, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ ایجبسٹن میں آج کھیلا جائےگا۔ انگلینڈ کو بین سٹوک کی خدمات حاصل نہیں ہو نگی جبکہ پاکستان ٹیم میں بھی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ قومی ٹیم کے کوچ اور کپتان کا کہنا ہے کہ اولڈ ٹریفورڈ کی شکست کو بھول کر میدان میں اتریں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی لارڈز میں جیت‘ اولڈ ٹریفورڈ میں شکست کے بعد اب اگلا امتحان ایجبسٹن میں ہو رہا ہے۔ چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کیلئے قومی ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے۔ کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ نیا میچ ہے‘ پچ بھی نئی ہے اور ٹیم میں کافی تبدیلیاں ہیں۔ ہم پہلے بیٹنگ کریں یا باﺅلنگ‘ جو بھی چیلنج ہمارے سامنے آئے گا اس پر فوکس کریں گے۔ کھلاڑی بہتر پرفارم کریں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم کی جیت بارے بات کرتے ہوئے ایجبسٹن میں ڈبل سنچری سکور کرنے والے ایشین ڈان بریڈ مین ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔ انگلینڈایسی ٹیم نہیں جس کو شکست نہ دی جا سکے۔ بس توجہ بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایجبسٹن میں بھرپور پریکٹس میں فیلڈنگ‘ بیٹنگ اور باﺅلنگ کی خامیاں دور کرنے کی کوشش کی۔ البتہ پچھلے دونوں ٹیسٹ میچز کی طرح بارہ رکنی ٹیم کا اعلان ایک روزپہلے نہیں کیا گیا۔