Friday, April 19, 2024

انگلینڈ کیخلاف میچ میں سلو اوور ریٹ ، پاکستانی ٹیم پر جرمانہ عائد

انگلینڈ کیخلاف میچ میں سلو اوور ریٹ ، پاکستانی ٹیم پر جرمانہ عائد
June 4, 2019
نوٹنگھم ( 92 نیوز) انگلینڈ کیخلاف میچ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستانی ٹیم پر جرمانہ عائد کردیا گیا  جبکہ  پچاس اوور مکمل کرنے میں انیس منٹ کی تاخیر پر انگلش کپتان این مورگن پر   دو میچوں کی پابندی کا امکان ہے ۔ میچ تو جیت گئے لیکن جرمانے سے نہ بچ پائے، آئی سی سی نے  انگلینڈ کیخلاف میچ میں سلو اوو ریٹ پر  پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر  میچ فیس کا  بیس فیصد اور کھلاڑیوں پر دس فیصد جرمانہ عائد کردیا  ۔ قومی ٹیم نے مقررہ وقت سے ایک اوور کم کرایا تھا، سلو اوور ریٹ پر آئی سی سی قوانین کی یہ  کم سے کم سزا ہے۔ دوسری طرف انگلش کپتان این مورگن کو سلو اووریٹ پر  دو میچوں کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ، انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف میچ میں  پچاس اوور مکمل کرنے میں انیس منٹ کی تاخیر کی تھی ۔ آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر انگلش کھلاڑی جوفرا آرچر اور جیسن رائے پر پندرہ پندرہ فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔ جوفرا آرچر نے امپائر کے فیصلے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا جب کہ جیسن رائے نے نازیبا الفاظ استعمال کیے اور دونوں کھلاڑیوں نے غلطی کا اعتراف بھی کیا۔ جوفرا آرچر کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے ۔