Tuesday, April 23, 2024

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی
November 18, 2020
 لاہور (92 نیوز) انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی۔ انگلش ٹیم سولہ سال بعد آئندہ برس بارہ اکتوبر کو پاکستان آئے گی۔ مہمان ٹیم بارہ اکتوبر 2021 کو کراچی پہنچے گی جہاں پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 14 اکتوبر اور دوسرا 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ 16 اکتوبر کو انگلش ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے بھارت روانہ ہو جائے گی۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیریسن کاکہنا تھا ہم پاکستانی قوم کی کرکٹ سے بے تحاشہ محبت کی قدر کرتے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا انگلش ٹیم کے دورے سے دیگر ٹیموں کے دورہ پاکستان کی راہ ہموار ہو گی۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے کہا وہ اپنی تعیناتی کے وقت سے ہی اس دورے کیلئے کوشاں تھے۔ انگلینڈ نے جنوری 2021 میں پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم ٹاپ کھلاڑیوں کی عدم دستیابی اور زیادہ اخراجات کی وجہ سے انگلینڈ بورڈ نے پی سی بی کی رضامندی سے دورہ ملتوی کر دیا تھا۔ پاکستانی ٹیم بھی اگلے برس جولائی میں ورلڈ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے انگلینڈ جائے گی۔ پہلا ون ڈے 8 جولائی، دوسرا 10، تیسرا 13 جولائی کو ہو گا۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی 16 جولائی، دوسرا 18 اور تیسرا 20 جولائی کو کھیلا جائے گا۔