Friday, April 26, 2024

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر پی سی بی سے معافی مانگ لی

انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر پی سی بی سے معافی مانگ لی
September 29, 2021 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان منسوخ کرنے پر پی سی بی سے معافی مانگ لی۔

دورہ پاکستان کے انکار پر انگلش کرکٹ بورڈ نے خاموشی توڑ دی۔ چیئرمین انگلش کرکٹ بورڈ نے دورہ منسوخ کرنے پر معافی مانگ لی۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین آئن واٹمور کا کہنا ہے پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے پر معذرت خواہ ہوں۔ اس فیصلے سے شائقین کرکٹ خاص طور پر پاکستان کے لوگوں سے معافی چاہتا ہوں۔ جانتا ہوں پاکستانی شائقین کو اس فیصلے سے دکھ پہنچا۔ کھلاڑیوں کی ذہنی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔

آئن واٹمور نے کہا پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ بورڈ کا اپنا تھا۔ کھلاڑیوں سے مشاورت نہیں کی گئی۔ ہمارے لیے یہ فیصلہ کرنا بہت مشکل تھا۔ نیوزی لینڈ کا دورہ ختم کرنا بھی دورہ پاکستان منسوخ کرنے کی وجہ بنی۔

چیئرمین ای سی بی نے کہا پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ نئے سرے سے بہتر تعلقات بنانا ہیں اور اگلے سال تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعت فواد چودھری نے انگلش کرکٹ بورڈ کے معذرت کرنے پر کہا انگلش کرکٹ بورڈ کی معذرت اور پاکستان کے دورے کا اعلان ہمارے مؤقف کی بڑی کامیابی ہے۔ کرکٹ پلیئرز، سفارت کاروں، انٹرنیشنل میڈیا اور ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے اس معاملے پر پاکستان کا ساتھ دیا۔