Friday, March 29, 2024

انگلینڈ نے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کو شکست دے دی

انگلینڈ نے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کو شکست دے دی
October 27, 2018
کولمبو ( 92 نیوز ) ٹی 20 میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے  مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر سری لنکا کو188رنز کا ہدف دیا ، جواب میں سری لنکا کی ٹیم  مقررہ 20 اوورز میں  157 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، انگلینڈ کی جانب سے کھیل کا اچھا آغاز نہ ہو سکا  اور اوپنر جوز بٹلر  7 گیندوں پر 13 رنز بنا کر چلتے بنے ۔ ان کے بعد ایلیکس ہیلز بھی 4رنز بنا کر ہمت ہار گئے ۔ مگر  اوپنر  جیسن روئے نے 36 گیندوں  پر شاندار  69 رنز بنائے ۔ ان کی اننگز 6 چھکوں اور 4 چوکوں سے مزین تھی ۔ بین اسٹوک  ،معین علی  اور جوئے ڈینلی نے  بھی سری لنکن باؤلرز کا خوب امتحان لیا اور بالترتیب  26،27 اور 20اسکور بنائے ۔ سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملینگا  اور  آمیلا آپنسو نے دو دو  وکٹیں حاصل کیں ۔  آسورو اڈانا ،لکشن سنڈکن اوردھننن جے دسلوا نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ سری لنکن ٹیم میدان میں اتری تو ٹک کر نہ کھیل پائی ۔ دونوں اوپنرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے  نروشن ڈکویلا  3اور کوشل مینڈس ایک رنز بنا کر چلتے بنے ۔ سری لنکا کی جانب سے تھسارا پریرا57رنز بنا کر نمایاں رہے ، دنیش چندی مل 26،کامنڈو مینڈس 24رنز بنا پائے ۔سری لنکا کی جانب سے 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو پائے۔ انگلینڈ کی جانب سے جوئے ڈینلی نے 4 ، عدیل راشد نے 3 ،کرس جورڈن نے 2  اور لائم پنکت نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔