Thursday, May 2, 2024

انگلینڈ نے چوتھے ون ڈے میں بھی پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا

انگلینڈ نے چوتھے ون ڈے میں بھی پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا
May 18, 2019

نوٹنگھم (92 نیوز) انگلینڈ نے چوتھے ون ڈے میں بھی پاکستان کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا۔ قومی ٹیم 340 رنز بنا کر بھی سرخرو نہ ہو سکی۔ پاکستانی بولرز نے ایک بار پھر بلے بازوں کی محنت خاک میں ملا دی۔

 سب تدبیریں ہوئیں ناکام ، قومی ٹیم  نے ایک بارپھرمایوس کیا ۔ میچ کیساتھ سیریز بھی ہاتھ سے نکل گئی ،انگلینڈ نے نوٹنگھم میں کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میں شاہینوں کو دھول چٹا دی۔  

 پاکستان کے 341 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز جیسن روئے اور ونس نے اپنی ٹیم کو 94 رنز کا  پراعتماد آغاز فراہم کیا، ونس 43 رنز بنا کر حسنین کی بال پر کلین بولڈ ہوئے۔  

 27رنز کے انفرادی اسکور پر فخر زمان نے عماد وسیم کی بال پر جیسن روئے کا کیچ ڈراب کر دیا۔  

 کیچ ڈراپ ہونے پر جیسن روئے نے پاکستانی بالرز کا خوب  بھرکس نکالا اور شاندار 114 رنز بناکر مین آف دی میچ قرار پائے۔  

 روئے کے آؤٹ ہونے پر انگلینڈ کی بیٹنگ ایک موقع پر ڈگمگا گئی اور 216 کے مجموعے تک پہنچتے پہنچتے اس کی 5 وکٹیں گر گئیں،جو ڈینلی نے بین اسٹوکس کیساتھ ملکر اسکور 258 تک پہنچایا اور پھر وہ بھی جنید خان کی بال پر آؤٹ ہوئے۔

 ٹام کرن لکی ٹھہرے ،کپتان سرفراز نے انکے یقینی رن آؤٹ پر امپائر سے اپیل کرنے کی زحمت ہی نہ کی۔  

 ٹام کرن اور بین اسٹوکس نے شاندار پارٹنر شپ سے انگلینڈ کو جیت کے قریب پہنچایا، بین اسٹوکس 71 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔  

 پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 340رنز بنائے جن میں بابر اعظم کے 115 رنز کی شاندار اننگز شامل تھی۔   

 محمد حفیظ کے 59، فخرزمان کے 57 اور شعیب ملک کے 41 رنز بھی پاکستان کے کسی کام نہ آئے۔

 فتح سے انگلینڈ کو سیریز میں تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے جبکہ  سیریز کا پانچواں اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔