Saturday, April 20, 2024

انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف پہلا ون ڈے 44 رنز سے جیت لیا

انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف پہلا ون ڈے 44 رنز سے جیت لیا
August 25, 2016
ساﺅتھمپٹن (ویب ڈیسک) انگلش ٹیم کے سامنے پاکستان بیٹنگ اور باولنگ دونوں میں کچھ نہ کر سکا۔ بارش نے بھی گرین شرٹس کی مدد نہ کی۔ انگلینڈ ٹیم نے پہلا ون ڈے چوالیس رنز سے جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق ساوتھمپٹن میں پاکستان پہلا ون ڈے ہار گیا۔ میزبان انگلینڈ کو پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔ انگلینڈ نے پاکستان کے دو سو ساٹھ رنز چھ کھلاڑی آوٹ کے جواب میں تین وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چورانوے رنز بنائے۔ جیسن روئے پینسٹھ رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ تھما بیٹھے۔ ہیلز سات رنز بنا پائے اور عمر گل کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے جبکہ جوروٹ اکسٹھ رنز بنا کر رن آوٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی بیٹنگ جاری تھی کہ بارش نے اپنا رنگ جما دیا اور کھیل روکنا پڑا۔ پھر ڈک ورتھ لیوس کے تحت انگلینڈ نے پاکستان کو چوالیس رنز سے ہرا کر فتح سمیٹ لی۔ اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو ساٹھ رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے کپتان اظہر علی بیاسی اور نائب کپتان سرفراز احمد پچپن رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ بابر اعظم نے بھی چالیس رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں کوئی نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔ انگلینڈ کے عادل رشید نے دو جبکہ ووکس، ووڈ، پلنکٹ اور روٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان اظہرعلی کا کہنا تھا کہ ہم نے میزبان انگلینڈ کو بڑا ہدف نہیں دیا۔ شروع کے بلے بازوں نے بھی سلو کھیلا۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ ہفتے کے روز لارڈز کرکٹ گراونڈ میں کھیلا جائے گا۔