Thursday, April 18, 2024

انگلینڈ نے پاکستان کو پانچویں میچ میں بھی شکست دیدی

انگلینڈ نے پاکستان کو پانچویں میچ میں بھی  شکست دیدی
May 19, 2019
لیڈز ( 92 نیوز) انگلینڈ نے پاکستان کو پانچویں میچ میں بھی  شکست دیدی ۔ پاکستانی ٹیم نے گزشتہ میچز کی روایت برقرار رکھتے ہوئے باؤلنگ ، فیلڈنگ اور بیٹنگ کے شعبے میں ناقص کار کردگی کامظاہرہ کیا ۔ انگلینڈ نے پاکستان کو پانچویں میچز کی سیریزمیں 0-4 سے شکست دی جبکہ پہلا میچ بارش کی نذر ہوا ، پاکستانی ٹیم ون ڈے سیریز میں کوئی بھی فتح سمیٹنے میں ناکام رہی جب کہ انگلینڈ نے  ہر میچ میں جارحانہ انداز اپنایا۔ پانچویں میچ میں قومی ٹیم 352 رنز کے ہدف کے تعاقب میں  میدان میں اتری تو بلے باز انگلش باؤلرز کے سامنے ٹک نہ پائے اور پوری ٹیم 46.5 اوورز میں 297 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ۔ پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر ، فخر زمان بغیر کھاتہ کھولے ووکس کی گیند پر جوئے روٹ کے ہاتھوں  کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ تیسرے اوور کی تیسری گیند پر ساتھی اوپنر عابد علی بھی ووکس کا شکار ہو گئے ، وہ 5 اسکور بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔ صرف تین گیندوں بعد محمد حفیظ بھی ووکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے ۔ تیسرے اوور کی آخری گیند پر 6 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی امیدوں کے محور  تین  مایہ ناز بلے باز واپس پویلین لوٹ چکے تھے ۔ بابر اعظم نے کپتان محمد سرفراز کیساتھ مل کر ٹیم کو کچھ سنبھالا دیا ۔ بابر اعظم 80 اسکور بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔ ان کی اننگز ایک چھکے اور 9 چوکوں سے مزین تھی ۔ کپتان سرفراز احمد بھی رن آؤٹ ہوئے ، انہوں نے 80 گیندوں پر دو چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 97 اسکور کئے ۔ تجربہ کار بلے باز شعیب ملک 4،آصف علی 22 ،عماد وسیم 25 اور حسن علی 11 اسکور ہی بنا پائے ۔ کرس ووکس نے فخر زمان ، عابد علی ، محمد حفیظ ، عماد وسیم ، حسن علی کو میدان بدر کر کے 5 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے  10 اوورز میں 54  اسکور دیے ، ان کے دو اوورز میڈ ان بھی رہے ۔ ڈی جے ویلے اور عادل راشد نے ایک ایک کھیلاڑی کو میدان بدر کیا۔ اس سے قبل انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے تھے ۔ انگلینڈ کے اوپنر جیمز وینس نے 33 ، جونی بریسٹو نے 32  رنز بنائے ۔ ٹاپ آرڈر  جوئے روٹ نے 84 جبکہ کپتان ایون مورگن نے 76 رنز بنائے ۔ مڈل آرڈر اور وکٹ کیپر بلے باز جاز بٹلر نے 31جبکہ بین اسٹوک نے 21 رنز بنائے ۔ معین علی بغیر کوئی اسکور کئے دوسری ہی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ کرس واکس کی مزاحمت  13 ، ڈیوڈ ویلے کی 14 رنز تک محدود رہی ۔ ٹیل اینڈر ٹام کران نے 15 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 جبکہ عادل راشد نے دو اسکور  کئے اور ناقابل شکست رہے ۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں چار وکٹوں کے عوض 82 رنز دیے ، عماد وسیم نے 10اوورز میں 53 رنز کے عوض 3 کھلاڑی آؤٹ کئے ۔ حسن علی نے 10 اوورز میں  ایک وکٹ کے عوض 70 رنز دیے ۔محمد حسنین نے 8 اوورز میں ایک وکٹ کے بدلے 67 رنز  دیے ۔ فخر زمان ، شعیب ملک اور محمد حفیظ نے چار اوورز پھینکے  ، کوئی بھی وکٹ حاصل نہ کر سکا ۔ تینوں باؤلرز نےبالترتیب 23 ، 29 اور 25 رنز دیے ۔