Thursday, March 28, 2024

انگلینڈ نے ورلڈ کپ 2019 میں سفر کا آغاز فتح سے کیا

انگلینڈ نے ورلڈ کپ 2019 میں سفر کا آغاز فتح سے کیا
July 14, 2019
برمنگھم ( 92 نیوز) ورلڈ کپ کی فائنلسٹ انگلینڈ کا ایونٹ میں سفر دلچسپ رہا ،9 گروپ میچوں میں سے چھ  میں اسے فتح ،3 میں شکست ہوئی ۔پوائنٹس ٹیبل پراس کی تیسری پوزیشن رہی ۔ ورلڈکپ کی فیورٹ انگلینڈ نے اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کیا،میگاایونٹ کے افتتاحی میچ میں انگلش ٹیم نے بین اسٹوکس کی شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس کے باعث جنوبی افریقا کو 104رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی ، دوسرے میچ میں انگلینڈ کو پاکستان کے ہاتھوں14رنزسے شکست ہوئی،جوزبٹلر اور جوئے روٹ کی سنچریاں بھی رائیگاں گئیں  ۔ تیسرے میچ میں انگلینڈ نے بنگال ٹائیگرز کو 106رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی،جیسن روئے نے 153رنز کی شاندار اننگز کھیلی ،جوفراآرچر ،مارک ووڈ اور جو روٹ کی تباہ کن باؤلنگ کے باعث انگلش ٹیم کو ویسٹ انڈیز کیخلاف  چوتھے میچ میں 8وکٹوں سے فتح ملی۔ جوروٹ نے ناقابل شکست104رنز بھی  بنائے ۔ افغانستان کیخلاف پانچویں میچ میں انگلش ٹیم نے 397رنز بنائے ۔جواب میں افغان ٹیم 280رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔میچ کی خاص بات کپتان این مورگن کی 148رنز کی شانداراننگز تھی جس میں ریکارڈ17چھکے بھی شامل تھے۔ سری لنکا کیخلاف میچ انگلینڈ کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوا،،اپ سیٹ معرکے میں سری لنکا نے ہاٹ فیورٹ ٹیم کو 20رنز سے شکست دیدی،لاستھ ملنگا نے چار انگلش بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ سری لنکا کے بعد آسٹریلیا نے بھی انگلینڈ کو 64رنز سے شکست دی،کینگروزکے 285رنز کے جواب میں انگلش ٹیم 221رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ بیک ٹو بیک دو میچ ہارنے کے بعد انگلینڈ بھارت سے31رنز سے جیت گیا،،انگلینڈ کے 337رنز کے جواب میں بھارتی ٹیم 306رنز بناکر آؤٹ ہوئی ۔ انگلینڈ اور بھارت کا میچ ایونٹ کا سب سے متنازعہ میچ ٹھہرا،بھارتی بلے بازوں کی سست رفتار بیٹنگ نے کئی سوالات کو جنم دیا،ان پرجان بوجھ کر میچ ہارنے کا الزام لگا کیونکہ انگلینڈ  کی شکست  سے پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات مضبوط ہوجاتے مگر ایسا نہ ہوسکا،ٹورنامنٹ میں بھارت کی یہ پہلی شکست تھی    ۔