Sunday, May 5, 2024

انگلینڈ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دیدی

انگلینڈ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دیدی
May 15, 2019
برسٹل ( 92 نیوز ) انگلینڈ نے تیسرے ون ڈے میں پاکستان کو شکست دیکر سیریز میں دو صفر سے برتری حاصل کر لی ۔ انگلینڈ نے تیسرے ون ڈے میں سرفراز الیون کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی، میزبان ٹیم نے 359رنز کا ہدف چار وکٹوں پر پورا کیا، انگلینڈکی جانب سے جونی بیر سٹو128رنز بنا کر ٹاپ اسکورر  رہے، انگلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو کھیلنے کی دعوت دی ، قومی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنا پائی ۔ اوپنر فخر زمان پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر ووکس کی گیند پر روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔

سنسنی خیز مقابلے کےبعد انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دیدی

اوپنر امام الحق نے 131 گیندوں پر ایک چھکے اور 16 چوکوں کی مدد سے 151 رنز بنائے مگر ان کیساتھ کوئی بھی کھلاڑی ٹک کر نہ کھیل سکا ۔ ٹاپ آرڈر بابر اعظم بھی  جم کر نہ کھیل سکے اور 17 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنا کر چلتے بنے ، وہ ووکس کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 95 کے اسکور پر اس وقت گری جب ٹاپ آرڈر حارث سہیل 41 گیندوں پر 41 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے ۔ کپتان سرفراز احمد نے اوپنر امام الحق کیساتھ 67 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جس میں سرفراز کا اسکور 27 تھا ، وہ پلینکٹ کی گیند پر  کیچ آؤٹ ہوئے ۔ امام الحق اور آصف علی نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 125 رنز بنائے ۔ آصف علی تینتالیسویں اوور کی تیسری گیند پرووکس کی گیند پر رائے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ انہوں نے 43 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے ۔

پاک انگلینڈ ون ڈے سیریز کا پہلا مقابلہ بارش کی نذر ہو گیا

چھیالیسویں اوور کی دوسری گیند پر اوپنر امام الحق کرن کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ انہوں نے 131 گیندوں پر 16 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 151 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ۔ [caption id="attachment_223441" align="alignnone" width="500"]امام الحق کی انگلینڈ کیخلاف 151 رنز کی دلکش اننگز امام الحق کی انگلینڈ کیخلاف 151 رنز کی دلکش اننگز[/caption] عماد وسیم نے 22 ،فہیم اشرف نے 13 ، شاہین شاہ آفریدی نے 7 اسکور کئے  جبکہ حسن علی 9 گیندوں پر دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 18 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ 359 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 159 رنز بنائے ۔ دونوں اپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا اورجیسن رائے نے چار چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 55 گیندوں پر 76 ،وکٹ کیپر بلے باز بریسٹو نے 5 چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے 93 گیندوں پر 128 اسکور کئے۔ ٹاپ آرڈر جوئے روٹ نے 43 اور بین اسٹوکس نے 37 اسکور کیا ۔ معین علی 46 اور کپتان مورگن 17 رنز کیساتھ ناقابل شکست رہے ۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان ، عماد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ جنید خان نے 8 اوورز میں 57 ،عماد وسیم نے 7 اوورز میں 58 اور فہیم اشرف نے 9 اوورز میں  75 رنز دیے ۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 10 اوورز میں بغیر وکٹ حاصل کئے 83 رنز ، حسن علی نے 8 اوورز میں 55 ،حارث سہیل نے 2 اوورز میں 19 جبکہ آصف علی نے 5 گیندوں پر 9 اسکور دیے ۔ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جانے والا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا جبکہ دوسرے اور تیسرے میچ میں پاکستان کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ انگلینڈ کو پانچ میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے ۔