Friday, April 19, 2024

انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 106  رنز سے شکست دیدی

انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 106  رنز سے شکست دیدی
June 8, 2019
کارڈف ( 92 نیوز) ورلڈ کپ 2019 کے دلچسپ میچز کا سلسلہ جاری ہے ، ایونٹ کے 12 ہویں میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو  106  رنز سے شکست دیدی۔ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ  کرانے کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور انگلش کھلاڑیوں نے مار مار کر بنگالی ٹائیگرز کو بھیگی بلی بنا دیا۔ انگلینڈ نے  مقررہ 50 اوورز میں  386 رنز بنائے ۔انگلینڈ نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا  ، اوپنر جیسن روئے اور جونی بریسٹو نے بنگلہ دیش کی ٹیم پر خوب لاٹھی چارج کیا ۔ دونوں نے 128 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ۔ اوپنر جونی بریسٹو نے 50 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے ، وہ مشرف مرتضیٰ کی گیند پر مہدی حسن کی گیند پر  کیچ آؤٹ ہوئے ۔ اوپنر جیسن روئے نے  جوئے روٹ  کیساتھ مل کر  اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا  اور اسکور کو 205 تک لے کر گئے  جہاں جوئے روٹ  21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔ اوپنر جیسن روئے نے 121 گیندوں پر 5 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 153 رنز بنائے ،وہ مہدی حسن کی گیند پر مشرف مرتضیٰ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ وکٹ کیپر بلے بازجوز بٹلر نے فلک شگاف 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 44 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی ، کپتان ایوئن مورگن نے بھی دو چھکے لگائے ، انہوں نے 33 گیندوں پر 35 اسکور بنائے ۔ نیوزی لینڈ کے ٹیل اینڈر کرس ووکس اور لائم پلنکیٹ نے بھی بنگلہ دیشی باؤلرز پر رحم نہ کھایا ۔ کرس ووکس نے صرف 8 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 18  رنز بنائے جب کہ  پلنکیٹ  9 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 387 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 48.5 اوورز میں 280 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ۔ بنگلہ دیش کی جانب سے محمد سیف اللہ نے 9 اوورز میں دو وکٹیں لیکر 78،مہدی حسن نے 10 اوورز میں 2 وکٹیں لیکر 67 رنز دیے ۔ مشرف مرتضیٰ نے 10 اوورز میں ایک وکٹ کے عوض 68 ،مستفیض الرحمان نے 9 اوورز میں ایک وکٹ کے عوض 75 رنز دیے ۔ شکیب الحسن نے 10 اوورز  میں 71 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے ،مصدق حسن نے بھی دو اوورز پھینکے اور 24 اسکور دیے ۔ بنگلہ دیش کی ٹیم 387 کے پہاڑ جیسے ہدف کو حاصل نہ کر سکی اور پہلی وکٹ 8 کے اسکور پر گنوا دی جب سومیا سرکار 8 گیندوں پر دو اسکور بنا کرآرچر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔ بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ 63 کے اسکور پر گری جہاں اوپنر تمیم اقبال 19 اسکور بنا کر مارک ووڈ کا شکار ہو گئے ،ان کا کیچ مورگن نے پکڑا۔ شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم نے 106 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی  ۔ 169 کے مجموری رنز پر مشفیق الرحیم 44 اسکور بنا کرپلنکیٹ کی گیند پر روئے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ  ہوئے ۔ محمد مٹھن بغیر کوئی اسکور بنائے راشد کی گیند پر بریسٹو کو کیچ تھما کر چلتے بنے ۔ ٹاپ آرڈر شکیب الحسن نے 121 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو عبرتناک شکست سے بچا لیا ۔ وہ بنگلہ دیش کی جانب سے آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھی ۔ محمد اللہ نے 28 ، مصدق حسین نے 26 اور محمد سیف الدین نے 5 اسکور بنائے ۔ انگلینڈ کی جانب سے  بین اسٹوکس نے تین ، مارک ووڈ اور جوفرا آرچر  نے دو دو کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ لائم پلنکیٹ اور عادل راشد نے ایک ایک بنگالی بلے باز کو پویلین کی راہ دکھائی ۔