Tuesday, April 23, 2024

انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی

انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی
July 11, 2019

برمنگھم (92 نیوز) انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنا لی۔انگلینڈ نے 224 رنز کا ہدف دو وکٹوں پر حاصل کر لیا۔

 برمنگھم میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو ٹاس جیت کر پہلے کھیلنا مہنگا پڑ گیا ۔ کرس ووکس اور عادل رشید نے تین تین ،جوفراآرچر نے  دو وکٹ حاصل کرکے کینگروز کی بیٹنگ لائن کی دھجیاں بکھیر دیں۔

 14کے مجموعی اسکور پر  تین کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رنز بنائے جو فراآرچر کا نشانہ بنے۔ ڈیوڈ وارنر 9 رنز پر پہنچے تو ووکس نے انکا شکار کر لیا۔  

ہینڈز کومب 4، کمنز 6، مچل اسٹارک 29 اور گلین میکسویل 22 رنز بنا کر چلتے بنے، اسٹوئنس کوئی رنز نہ سکے۔

 اسٹیو اسمتھ کے 85 اور ایلکس کیری کے 46 رنز کی بدولت آسٹریلین ٹیم 223 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔  

224رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش اوپنرز نے پراعتماد آغاز کیا۔ جونی بیرسٹو اور جیسن روئے نے 124 رنز کی شاندار پارٹنرشپ کے ذریعے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔ جونی بیرسٹو 34 اور جیسن روئے شاندار 85 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 انگلش کپتان این مورگن 45 اور جوروٹ 49 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کپتان مورگن نے وننگ شاٹ لگا کر انگلینڈ کو فائنل میں پہنچا دیا۔

 بہترین باؤلنگ پر انگلش باؤلر کرس ووکس مین آف دی میچ قرار پائے۔ انگلش ٹیم چودہ جولائی کو فائنل معرکے میں نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گی۔