Wednesday, May 1, 2024

انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ہرا کر پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کر سکتا ہے

انگلینڈ نیوزی لینڈ کو ہرا کر پاکستان کو ورلڈ کپ سے باہر کر سکتا ہے
July 1, 2019
لندن ( 92 نیوز) ورلڈ کپ 2019 کا اہم ترین مرحلہ جاری ہے ، جہاں فائنل 4 یعنی سیمی فائنل میں رسائی کے لئے آسٹریلیا کے علاوہ کوئی بھی ٹیم تاحال کوالیفائی نہیں کر پائی ۔ معاملات اتنے دلچسپ ہیں کہ اگر انگلینڈ نیوزی لینڈ کو شکست دے تو پاکستان کو ایونٹ سے باہر کر سکتا ہے ۔ ورلڈ کپ 2019 میں اگر مگر ، جمع تفریق  سمیت آکڑوں کا عمل دخل جاری ہے ، ’’اگر  ‘‘بھارت انگلینڈ کو شکست دے دیتا تو پاکستان کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات زیادہ روشن تھے ’’مگر ‘‘ایسا نہیں ہوا۔ اب ’’اگر‘‘تین جولائی کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے مقابلے میں  نیوزی لینڈ انگلینڈ کو شکست دیدے تو پاکستان بنگلہ دیش کو آسانی سے شکست دیکر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر سکتا ہے ۔ مگر انگلینڈ کی جیت کی صورت میں پاکستان کو بنگلہ دیش کو بڑے مارجن سے شکست دینا ضروری  ہو گا۔قومی ٹیم اپنا آخری میچ 5جولائی کو بنگلہ دیش کیخلاف کھیلے گی۔ دوسری جانب اگر  بارش نے ٹانگ اڑائی تو صورتحال تمام جمع تفریق  کو غلط ثابت کر سکتی ہے ۔ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ میں  بارش ہوئی تو  تیسرے  نمبر براجمان نیوزی لینڈکے پوائنٹس 12 اور  چوتھے نمبر پر موجود انگلینڈ کے پوائنٹس 11 ہو جائیں گے ۔ قومی ٹیم اگر بنگلہ دیش کو شکست دے بھی دو تو اس کے بھی پوائنٹس 11 ہوں گے لیکن خراب رن ریٹ کے باعث سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہ کر سکے گی ۔ ادھر انگلینڈ اگر نیوزی لینڈ سے ہار بھی جائے اور پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش میچ میں بارش کی انٹری ہو جائے تو پاکستان ایونٹ سے آؤٹ ہو جائے گا۔