Tuesday, May 21, 2024

انگلینڈ آئندہ سال پاکستان کے ساتھ دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کو تیار

انگلینڈ آئندہ سال پاکستان کے ساتھ دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کو تیار
November 10, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) انگلینڈ ٹیم آئندہ سال پاکستان کے ساتھ دو اضافی ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کو تیار ہو گئی۔

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ٹام ہیرسن ایک روزہ دورے پر نائب چیئرمین مارٹن ڈارلو کے ساتھ قذافی سٹیڈیم لاہور پہنچے جہاں پر انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ سے تین گھنٹے تک ملاقات کی اور دوطرفہ سیریز سمیت تعلقات میں بہتری پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات کے دوران انگلینڈ کے وفد نے گزشتہ چند ہفتوں میں پیدا ہونے والی غلط فہمیاں دور کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان آکر کھیلنا چاہتے ہیں۔ وہ پاکستان میں دو اضافی ٹی ٹونٹی کھیلنے پر رضا مند ہو گئے۔

اگلے سال انگلینڈ ٹیم آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل سات ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے آئے گی جبکہ ورلڈ کپ کے بعد تین ٹیسٹ میچ کھیلنے دوبارہ پاکستان آئے گی۔

پی سی بی چئیرمین رمیز راجہ نے انگلینڈ وفد کے پاکستان أنے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ دو اضافی ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا شائقین کرکٹ کے لیے بہترین خبر ہے۔ اس دورہ سے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دیرینہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔