Friday, April 19, 2024

انگلش پریمیئر لیگ،مانچسٹریونائیٹڈ اور چیلسی نے اپنے میچز جیت لئے

انگلش پریمیئر لیگ،مانچسٹریونائیٹڈ اور چیلسی نے اپنے میچز جیت لئے
December 31, 2018
لندن ( 92 نیوز) انگلش پریمیئرلیگ میں سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں ،  مانچسٹریونائیٹڈ نے بورن ماؤتھ کے خلاف ایک کے مقابلے میں چار گول سے کامیابی سمیٹی، چیلسی نے کرسٹل پیلیس کو ایک صفر سے شکست دی، چیلسی کی طرف سے میچ کا واحد گول کانٹے نے اسکور کیا۔ انگلش پریمیئرلیگ کا ایونٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ، ٹائٹل ریس میں آنے کے لیے ہر ٹیم کی سرتوڑ کوششیں جاری ہیں ، مانچسٹریونائیٹڈ اور چیلسی نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ اولڈ ٹریفرڈ  میں ہونےوالےمیچ میں یونائیٹڈ نے میچ کا شاندار آغاز کیا اور 5 ویں منٹ میں پوگبا نے گول کر کے اپنی ٹیم کوبرتری دلا دی۔ میچ کے  33 ویں منٹ میں پوگبا نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری بار گیند کو جال کی راہ دکھائی اور یونائیٹڈ کو دو صفر کی برتری دلا دی۔ پہلے ہاف کے آخری لمحات میں مارکس ریشفرڈ  نے یونائیٹد کی طرف سےتیسرا گول اسکور کیا، بورن ماؤتھ نے اچھا کاؤنٹر کیا اور نیتھن نے گول داغ کر میچ کا اسکور تین ایک کردیا۔ دوسری ہاف میں بھی یونائیٹڈ نے اچھا کھیل پیش کیا اور لوکاکو نے گول کرکے اسکور چار ایک کر دیا جو میچ کے آخر تک برقرار رہا۔ چیلسی نے کرسٹل پیلیس کے خلاف ایک صفر سے کامیابی سمیٹی، میچ کا واحد گول چیلسی کے کھلاڑی کانٹے نے اسکور کیا۔