Thursday, May 2, 2024

انکوائری کمیشن کے فیصلے پر عمران خان آج پریس کانفرنس میں اپنا موقف پیش کریں گے

انکوائری کمیشن کے فیصلے پر عمران خان آج پریس کانفرنس میں اپنا موقف پیش کریں گے
July 25, 2015
اسلام آباد (92نیوز) انکوائری کمیشن کے فیصلے کے بعد عمران خان آج اپنے موقف اور لائحہ عمل سے عوام کو آگاہ کریں گے۔ کپتان تھرڈ ایمپائر کے فیصلے کو من و عن تسلیم کریں گے یا شکست کو جزوی مانتے ہوئے اپنے موقف کی فتح کا اعلان کریں گے، سیاسی پنڈت چہ مگوئیاں کرنے لگے۔ حکمران جماعت کو ناٹ آو¿ٹ قرار دیتے ہوئے اننگز جاری رکھنے کا سگنل مل گیا۔ کپتان پہلے تو خاموش رہے مگر اب دو روز بعد آج قوم کو اپنے مستقبل کے لائحہ عمل اور موقف سے آگاہ کریں گے۔ 2013ءکے انتخابات کے دوران جسٹس افتخار محمد چوہدری چیف جسٹس تھے۔ کپتان نے ججز بحالی تحریک میں حصہ لیا۔ اس دوران وہ انہیں قوم کا مسیحا قرار دیتے تھے لیکن جب افتخار چودھری نے دھاندلی کے الزامات پر قومی اسمبلی کے چار حلقے کھولنے سے متعلق تحریک انصاف کی درخواست سننے سے انکار کردیا تو کپتان نے افتخار چودھری پربھی دھاندلی کا ملبہ ڈال دیا۔ نجم سیٹھی بھی عمران خان کے غضب کا نشانہ بنے۔ 35پنکچروں کی بازگشت سنائی دی مگر ٹیوب میں ایک بھی پنکچر نہ نکلا جس پر کپتان نے یو ٹرن لیا۔ تحریک انصاف کے قائد آج عوام کو اپنے موقف سے آگاہ کریں گے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کپتان 35 پنکچروں کی طرح منظم دھاندلی کے الزامات پر یو ٹرن لیتے ہیں یا پھر انکوائری کمیشن بھی سابق چیف جسٹس اور نجم سیٹھی کی طرح ان کی نظر میں برا ٹھہرتا ہے۔