Friday, April 26, 2024

انڈین اوشن نیول سپموزیم،میری ٹائم سکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی

انڈین اوشن نیول سپموزیم،میری ٹائم سکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی
April 25, 2018
اسلام آباد( 92 نیوز) ایران کی بحریہ کی طرف سے چھٹے انڈین اوشن نیول سمپوزیم اور کنکلیو آف چیفس کا انعقاد کیا گیا جس میں پاک بحریہ کے سربراہ نے میری ٹائم سکیورٹی کے قیام میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی تہران میں منعقد ہونے والے چھٹے انڈین اوشن نیول سمپوزیم کے کنکلیو آف چیفس میں شرکت کرنے کے لیے ایران کے سرکاری دورے پر ہیں۔ انڈین اوشن نیول سمپوزیم کے دوران بحرِ ہند کی میری ٹائم سکیورٹی سے متعلقہ مسائل پر پینل مباحثے اور انڈین نیول اوشن سمپوزیم کے ممبرز اور آبزرور ممالک کی بحری افواج کے سربراہان کے اجلاس جیسی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ پینل مباحثے کے دوران وائس ایڈمرل (ریٹائرڈ) افتخار احمد نے ”میری ٹائم ٹریڈ وژن آف انڈین اوشن“ کے موضوع پر مقالہ پڑھا۔ انڈین اوشن نیول سمپوزیم اور کنکلیو آف چیفس کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ اور ایران کے اعلیٰ حکام بشمول ایران آرمی کے سربراہ میجر جنرل سید عبدالرحیم موساوی اور عالمی بحری افواج کے سربراہان کے درمیان ملاقاتیں ہوئیں جن میں باہمی دلچسپی کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے شرکاءکو پاکستان کے میری ٹائم نقطہ نظر اور خطے کی میری ٹائم سکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کی خدمات اور خطے کیلئے سی پیک سے پیدا ہونے والے خوشحالی کے مواقع سے آگاہ کیا۔ نیول چیف نے بحرِ ہند کی سکیورٹی کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی اور خطے کی میری ٹائم سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے علاقائی بحری افوا ج کے اشتراک کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور بحری اقتصادیات سے بھر پور فائدہ اُٹھانے کے لیے آپ نے بحرِ ہند کے ساحلی ممالک کے اشتراک پر زور دیا۔ انڈین اوشن نیول سمپوزیم ایک ایسا اقدام ہے جس کا مقصد مشترکہ علاقائی میری ٹائم فورم کی تشکیل ہے ۔پاکستان مارچ2014کو آسٹریلیا میں منعقدہ کنکلیو آف چیفس اجلاس میں انڈین اوشن نیول سمپوزیم کا ممبر بنا۔ موجودہ وقت میں 23ممالک اس سمپوزیم کے ممبرز اور 9ممالک اس کے آبزرورز ہیں۔