Sunday, May 12, 2024

انڈیمنٹی بانڈ کی شرط مسترد نہیں، معطل کی گئی، شہزا د اکبر

انڈیمنٹی بانڈ کی شرط مسترد نہیں، معطل کی گئی، شہزا د اکبر
November 17, 2019
اسلام آباد (92 نیوز) بغیرشرط نوازشریف کے بیرون ملک جانے سے متعلق لاہورہائیکورٹ  کے فیصلے کو حکومت نے اپنی جیت قرار دے دیا۔ شہزاد اکبر کہتے ہیں وفاقی کابینہ کے چار میں سے تین فیصلوں کو برقرار رکھا گیا ہے جبکہ انڈیمنٹی بانڈز کی شرط کو معطل کیا ہے مسترد نہیں کیا گیا۔۔ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا حتمی فیصلہ  کابینہ کرے گی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزا د اکبر کہتے ہیں کہ انسانی ہمدری کی بنیاد پر نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں یہ صادق اور امین نہیں  ہیں ماضی کی وعدہ خلافیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے اینڈیمنٹی بانڈز کی شرط رکھی تھی۔ شہزاد اکبر نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو اپنے جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ کی چار شرائط میں سے تین کو مان لیا گیا ہے جبکہ اینڈمینٹی بانڈز کی شرط مسترد کرنے کی بجائے معطل کی گئی ہے۔ اٹارنی جنرل انور منصور نے  کہا لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف اور شہباز شریف نے بیان حلفی جمع کرایا ہے۔ جس پر عملدرآمد کے  پابند ہونگے۔ اگر عمل نہ کیا گیا تو توہین عدالت کی کارروائی کی جاسکے گی۔ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے سے متعلق حکومت  تاحال کوئی فیصلہ نہ کرسکی۔ اٹارنی جنرل نے بتایا کہ یہ معاملہ منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں رکھا جائے گا۔ وفاقی کابینہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔