Monday, September 16, 2024

انڈیا نے ڈیموں میں پانی چھوڑ دیا‘ راوی اور ستلج میں طغیانی کا خدشہ

انڈیا نے ڈیموں میں پانی چھوڑ دیا‘ راوی اور ستلج میں طغیانی کا خدشہ
August 7, 2016
اسلام آباد (92نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریائے چناب میں آج رات چار لاکھ کیوسک پانی کاریلا گزرنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مون سون کی بارشوں اور ہمسایہ ملک بھارت کی طرف سے ڈیموں میں پانی چھوڑنے کی وجہ سے دریائے راوی اور دریائے ستلج میں طغیانی اور سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔ این ڈی ایم اے نے دریائے چناب میں سیلاب سے متعلق ایک اور ریڈ الرٹ جاری کردیاہے۔ آج اور کل مقبوضہ کشمیر اور ہماچل پردیش میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث دریائے چناب میں آج رات چار لاکھ کیوسک تک کا سیلابی ریلا گزرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ادھر دریائے جہلم میں ایک لاکھ 51 ہزار کیوسک کا ریلا داخل ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دریائے جہلم میں پانی کا بہاﺅ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ نشیبی علاقوں میں سیلاب کے خطرے کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹے کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور‘ فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ‘ کشمیر اوربالائی پہاڑی مقامات پر بارش کاامکان ہے۔ پنجاب‘ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی اورپہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔