Friday, March 29, 2024

انڈیا نے پاکستانی سفارتکار کو اڑتالیس گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا کہہ دیا

انڈیا نے پاکستانی سفارتکار کو اڑتالیس گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا کہہ دیا
October 27, 2016
نئی دہلی (ویب ڈیسک) نئی دہلی پولیس نے سفارتی آداب کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمیشن کے عہدیدار پر فوجی راز چرانے کا الزام لگا دیا۔ محموداختر سے کچھ برآمد نہ ہوا تو بھارتی پولیس نے مجبوراً پاکستانی عہدیدار کو چھوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت سفارتی آداب بھی بھول گیا ہے۔ بھارتی انتہا پسندوں کے ایما پر بھارتی حکام نے محمود اختر نامی پاکستانی سفارتی عہدیدار پر فوجی راز چرانے کا الزام عائد کر ڈالا اور حراست میں لے لیا۔ یہی نہیں بھارت نے پاکستانی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرنے کی بھی ٹھان لی۔ بھارتی ذرائع کے مطابق اہلکار کو پچھلے سال نومبر میں پکڑے گئے جاسوس گروہ کے ارکان کی نشاندہی پرحراست میں لیا گیا لیکن جب کوئی ثبوت نہ ملا اور منہ کی کھانا پڑی تو مجبوراً محمود اختر کو چھوڑ دیا گیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے موقع پر پاکستانی اہلکار کی گرفتاری سے دونوں ممالک میں تعلقات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے پاکستانی دفتر خارجہ نے اس معاملے پر بھارت سے سخت احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔