Friday, April 26, 2024

انڈونیشیا کے صدارتی انتخابات میں صدر جوکو ویدودو کی جیت کو اپوزیشن نے مسترد کر دیا

انڈونیشیا کے صدارتی انتخابات میں صدر جوکو ویدودو کی جیت کو اپوزیشن نے مسترد کر دیا
May 22, 2019
 جکارتہ (92 نیوز) انڈونیشیا کے صدارتی انتخابات میں صدر جوکو ویدودو کی جیت کو اپوزیشن نے مسترد کردیا جس کے بعد ملک گیر فسادات شروع ہو گئے جس میں چھ افراد ہلاک اور دو سو سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد ملک گیر ہنگامے شروع ہو گئے ہیں۔ اپوزیشن رہنما پرابووو سوبیانتو کے حامی سڑکوں پر نکل آئے۔ مشتعل مظاہرین نے جلاؤ گھیراؤ شروع کر دیا جن پر قابو پانے کیلئے پولیس نے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ جھڑپوں کے دوران متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔ فسادات میں سب سے زیادہ متاثر دارالحکومت جکارتہ ہوا ہے جہاں دو سو سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ شہر کی سیکورٹی کیلئے پولیس اور فوج کے چالیس ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ہنگاموں کے بعد حکومت نے مزید فسادات کو روکنے کے لیے سوشل میڈیا پرعارضی پابندی لگا دی ہے جبکہ صدر جوکو ویدودو کا کہنا ہے کہ وہ امن و امان میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دے گے۔ انڈونیشیا میں سترہ اپریل کو صدارتی انتخابات ہوئے تھے جس میں صدر ویدودو پچپن اعشاریہ پانچ فیصد ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ اپوزیشن رہنما کو چوالیس اعشاریہ پانچ فیصد ووٹ ملے تھے۔