Friday, April 26, 2024

انڈونیشیا میں قدرتی آفات سے ہونیوالی ہلاکتوں کی تعداد 1407ہو گئیں

انڈونیشیا میں قدرتی آفات سے ہونیوالی ہلاکتوں کی تعداد 1407ہو گئیں
October 4, 2018
جکارتہ ( 92 نیوز ) انڈونیشیا میں پے در پے آنے والی قدرتی آفات ، زلزلے اور سونامی سے ہونے والی ہلاکتیں 1407 ہوگئیں، ملبے تلے دبے پانچ سو افراد کی تلاش تاحال جاری ہے جبکہ  آتش فشاں سوپوتن سے راکھ اور دھویں کا اخراج بھی جاری ہے ، صدر جوکو ویڈوڈو نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ انڈونیشیا کے جزیرے سلاویسی کے مکینوں کی مشکلات کم نہ ہوئیں، کوہ سوپوتن سے راکھ اور دھویں کا اخراج جاری ہے ، ماہرین مسلسل آتش فشاں کی نگرانی کررہے ہیں جبکہ قریبی  علاقے کو خالی کرایا جاچکا ہے ۔ پے در پے آنے والی آفات نے پورے جزیرے کو کھنڈرات کا ڈھیر بن چکا ہے ، سڑکیں، پل سمیت سب کچھ  تباہ ہوچکا ہے۔ انڈونیشیا کے نیشنل بورڈ فار ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے سونامی الرٹ سسٹم میں خرابی کا اعتراف کرلیا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو بروقت خطرے کی اطلاع نہیں مل سکی ۔ قدرتی آفات میں ہلاکتوں کی تعداد 1400 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ پانچ سو سے زائد افراد تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ 2500 شدید زخمی ہیں ۔ بچ جانے والے افراد کا حال بھی انتہائی ابتر ہے جنہیں خوراک اور پانی  کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔70 ہزار 800 افراد 140 عارضی کیمپوں میں مقیم ہیں ۔ انڈونیشین صدر جوکو ویڈوڈو نے متاثرہ جزیرے کا دوسرا دورہ کیا ہے، جس میں انھوں نے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔