Sunday, September 8, 2024

انڈونیشیا : طیارہ حادثے میں ہلاک ہونیوالے تمام افراد کی لاشیں برآمد، بلیک باکس بھی مل گیا

انڈونیشیا : طیارہ حادثے میں ہلاک ہونیوالے تمام افراد کی لاشیں برآمد، بلیک باکس بھی مل گیا
August 19, 2015
جکارتہ (ویب ڈیسک) انڈونیشیا کی امدادی ٹیموں نے پاپوا کے علاقے میں حادثے کا شکار ہونے والے تریگانا ایئر طیارے پر سوار تمام 54 افراد کی لاشیں برآمد کر لی ہیں۔ انڈونیشیا کی سرچ اور ریسکیو ٹیم کے سربراہ بمبانگ سوئلیسٹیو نے بتایا ہے کہ ان کی ٹیم نے طیارے کو مکمل طور پر تباہ اور جزوی طور پر جلی ہوئی حالت میں پایا۔ انہوں نے بتایا کہ پرواز کا ڈیٹا ریکارڈ کرنے والا آلہ بلیک باکس بھی مل گیا ہے۔ خیال رہے کہ اتوار کو یہ طیارہ اپنی منزل اوکسیبل کے قریب گھنے جنگلوں اور پہاڑی علاقے میں حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔ تریگانا ایئر کے اے ٹی آر جہاز پر عملے سمیت 54 افراد سوار تھے جن میں 44 بالغ، پانچ بچے اور عملے کے پانچ ارکان شامل تھے۔ سوئلسٹیو نے بتایا کہ طیارہ پوری طرح تباہ ہو چکا ہے اور تمام لاشیں ناقابل شناخت حالت میں جلی ہوئی ہیں۔ لاشوں کے نکالنے کے کام میں خراب موسم اور دشوار گزار راستے مخل ہیں، لاشوں کو شناخت کےلئے صوبائی دارالحکومت لے جایا جائے گا۔ بلیک باکس سے حادثے کی وجوہات کا علم ہو سکے گا تاہم خراب موسم کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں ایئر ایشیا کا ایک ہوائی جہاز گرنے کے نتیجے میں 192 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ رواں سال جولائی میں سماٹرا میں فوج کے ایک ہوائی جہاز کے حادثے میں 140 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔