Saturday, May 18, 2024

انڈونیشیا ، جزیرے لومبوک میں زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 150 ہو گئی

انڈونیشیا ، جزیرے لومبوک میں زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 150 ہو گئی
August 6, 2018
جکارتہ (92 نیوز) انڈونیشیا کے جزیرے لومبوک میں چھ اعشاریہ نو شدت کے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 150ہوگئی جبکہ سیکڑوں زخمی ہیں ۔ انڈونیشیا کے جزیرہ  لومبوک  جو بالی کے بعد مصروف ترین سیاستی  جزیرہ  کہلاتا ہے   میں  ایک بار پھر زلزلے نے ہولناک تباہی مچا دی ، زلزلہ مقامی وقت کے مطابق اتوار پانچ اگست کی شام آیا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 7 ریکارڈ کی گئی، کئی متاثرہ علاقوں تک امدادی کارکن زلزلے کے 16 گھنٹے سے زائد عرصے بعد تک بھی نہیں پہنچ سکے تھے۔ زلزلے سے لومبوک میں بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور ٹوٹ جانے والے بہت سے پلوں، بجلی کی ترسیل کے نظام کو پہنچنے والے نقصان اور بہت سی سڑکیں تباہ ہو جانے کے باعث امدادی کارکنوں کی کئی تباہ شدہ علاقوں تک رسائی میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اس زلزلے کے نتیجے میں 20 ہزار سے زائد  افراد بے گھر ہو گئے ہیں ، حکام کی جانب سے ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیاجارہاہے۔ اس جزیرے پر زلزلے کے ان طاقت ور جھٹکوں کے بعد سونامی کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی تھی، جس کے بعد ہزاروں کی تعداد میں عام شہری اور غیر ملکی سیاح خوف کے عالم میں اپنے گھروں اور ہوٹلوں سے باہر نکل آئے تھے۔ لیکن اس زلزلے کے بعد سمندر میں پیدا ہونے والی سونامی لہریں بہت اونچی نہیں تھیں، جس کے بعد حکام نے یہ وارننگ واپس لے لی۔ اسی علاقے میں گذشتہ ہفتے بھی شدید زلزلہ آیا تھا جس کی وجہ سے سترہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔