Friday, May 17, 2024

انڈر19 کرکٹ ایشیا کپ، پاکستان کی بھارت کو 2 وکٹوں سے شکست

انڈر19 کرکٹ ایشیا کپ، پاکستان کی بھارت کو 2 وکٹوں سے شکست
December 25, 2021 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) انڈر19 کرکٹ ایشیا کپ میں چھوٹے شاہینوں کا بڑا کارنامہ، پاکستان نے بھارت کو سنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دیدی۔

انڈر19 کرکٹ ایشیا کپ کے اہم میچ میں پاکستان نے 238 رنز کا مطلوبہ ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا، قومی ٹیم کی جیت میں محمد شہزاد نے اہم کردار ادا کیا انہوں نے 82 رنز کی شاندار اننگز تراشی، بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوئے۔

اوپنر عبدل بنگلزئی صفر، معاذ صداقت 29، حسیب اللہ خان 3، کپتان قاسم اکرم 22، عرفان خان 33، رضوان محمود 29 رنز اور ذیشان ضمیر صفر پر آؤٹ ہوئے۔ علی اسفند ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے، احمد خان نے 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

بھارت کی جانب سے راج باوا نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، راج وردھن ہنگرگیکر، روی کمار اور نشانت سندھو نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل بھارت کی ٹیم 49 اوورز میں 237 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے آرادھیا یادو نے نصف سنچری سکور کی اور 50 رنز بناکر ذیشان ضمیر کا شکار بنے۔

بھارتی کپتان یش دھول بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے، ہرنور سنگھ 46، راج وردھن ہنگرگیکر 33، کوشل تمبے 32، راج باوا 25 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی جانب سے ذیشان ضمیر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ اویس علی نے 2، قاسم اکرم اور معاذ صداقت نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔