Tuesday, May 21, 2024

انڈر 19 ورلڈ کپ، بھارت کی سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست

انڈر 19 ورلڈ کپ، بھارت کی سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست
February 4, 2020
پوٹ شفسروم (92 نیوز) انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 10 وکٹ سے شکست دیدی۔ بھارت نے 173 رنز کا ہدف باآسانی 36 ویں اوور میں پورا کرلیا۔ پاکستان کے جونیئر شاہین انڈر نائنٹین ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کیخلاف بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہے، گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن دھوکہ دے گئی، پوری ٹیم 172رنز ہی بناسکی۔ قومی جونیئر ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محمد ہریرہ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، 34 رنز پر فہد منیر کھاتا کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے۔ کپتان روحیل نذیر اور حیدر علی نے مزاحمت دکھاتے ہوئے ٹیم کا اسکور 96رنز تک پہنچا دیا، حیدر علی 56رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایک اینڈ پر قومی ٹیم کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تو دوسرے اینڈ پر کپتان روحیل نذیر بھارتی باؤلرز کے سامنے ڈٹے رہے، روحیل نذیر 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پوری ٹیم 172 رنز پر ہمت ہار گئی۔ بھارت کی جانب سے سوشانت مشرا نے تین اور روی بشنوئی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بھارت نے 173 رنز کا ہدف باآسانی 36 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ یشوسی جیسوال نے ناقابل شکست 105 رنز بنائے، دیوناش سکسینہ نے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔