Monday, September 16, 2024

انٹیلی جنس شیئرنگ میکنزم کو مضبوط بنانے کیلئے معاونت جاری رکھیں گے : وزیراعظم

انٹیلی جنس شیئرنگ میکنزم کو مضبوط بنانے کیلئے معاونت جاری رکھیں گے : وزیراعظم
August 1, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ عوام کو مستحکم‘ خوشحال اور پرامن وطن دینگے۔ پاکستان کو ہر مذہب اور رنگ ونسل کےلئے محفوظ بنایا جائیگا۔ وفاق اور صوبوں کی کوششوں سے انتہا پسند نظریات کوشکست ہو رہی ہے۔ ضرب عضب اور ایکشن پلان سے امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی۔ پاک فضائیہ کا شمار دنیا کے بہترین اداروں میں ہوتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کی اندرونی سکیورٹی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کےلئے وزیراعظم نوازشریف کی صدارت میںاعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے ملک میں قیام امن کےلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خفیہ ایجنسیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اور انتہا پسند قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بے شمار قربانیوں کے نتیجے میں کمزور پڑتے جا رہے ہیں۔ ملک صحیح سمت میں گامزن ہے۔ انتہاپسند نظریات عالمی خطرہ ہیں۔ پاکستان نے ان نظریات کو اکھاڑ پھینکنے کی کوششیں کئی سال قبل شروع کیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ہوا۔ وفاقی حکومت انٹیلی جنس شیئرنگ میکنزم کو مضبوط بنانے کے لیے معاونت جاری رکھے گی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار‘ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان‘ قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر )ناصر جنجوعہ‘ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے بھی اجلاس شرکت کی۔ دوسری جانب وزیراعظم سے ایئر چیف مارشل سہیل امان نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کوسراہتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کا شمار دنیا کے بہترین اداروں میں ہوتا ہے۔ قومی سلامتی میں پاک فضائیہ کا اہم اور تاریخی کردار ہے۔