Friday, May 3, 2024

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کو مدد کی پیشکش کر دی

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کو مدد کی پیشکش کر دی
November 28, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کی بحالی کے لیے فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی نے مدد کی پیشکش کر دی۔ دو روزہ دورے پر آنے والے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب سے بھی ملاقات کی۔ وفد کے سربراہ ایف آئی ایچ کے صدر لیندرو نیگرے کا کہنا ہے کہ گراس روٹ لیول پر کام کرنے کے لیے تکنیکی تعاون بھی دیں گے۔ دو روزہ دورے پر آئے ہوئے ایف آئی ایچ کے صدر لیندرو نیگرے نے ہاکی ایشیا کے صدر طیب اکرام اور پی ایچ ایف کے آفیشلز کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہاکی کا عروج واپس لانے کے لیے بھرپور معاونت کی جائے گی۔ سیکرٹری پی ایچ ایف لیجنڈ ہاکی سٹار شہباز سینئر نے ایف آئی ایچ اور ایشین ہاکی کے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے گراس روٹ لیول کو جدید ہاکی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے یہ تعاون فائدہ دیگا۔ انہوں نے کہا کہ وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے د وران بین الاقوامی ٹیموں کو پاکستان لانے کے لیے مدد کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔ واضح رہے کہ ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے جس میں تین دہائیوں تک گرین شرٹس کا طوطی بولتا رہا مگر افسوس کہ اب کی بار پاکستان کی سینئر ہاکی ٹیم اولمپکس دوہزار سولہ اور ورلڈکپ سے باہر ہو چکی ہے۔ جونیئر ٹیم کی کارکردگی میں کچھ تسلسل ہی امید کی کرن ہے۔ پی ایچ ایف کو انٹرنیشنل فیڈریشن کے ساتھ ساتھ حکومت سے بھی ایسا ہی تعاون ملا تو سنہرے دن واپس آ سکتے ہیں۔