Thursday, April 18, 2024

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی صدارت کرنا سابق کرکٹر کا حق ہے، نجم سیٹھی آئی سی سی صدر کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہی دستبردار ہو گئے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی صدارت کرنا سابق کرکٹر کا حق ہے، نجم سیٹھی آئی سی سی صدر کا عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہی دستبردار ہو گئے
June 1, 2015
لاہور (92نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی صدارت نہ سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی صدارت کا حق ملنے کے بعد نجم سیٹھی کو گزشتہ سال اس عہدے کےلئے نامزد کیا تھا۔ نجم سیٹھی کو جولائی میں یہ عہدہ سنبھالنا تھا تاہم انہوں نے ٹوئٹر کے ذریعے اس فیصلے سے آگاہ کیا کہ وہ آئی سی سی صدارت نہیں سنبھال رہے۔ انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ انہوں نے آئی سی سی کی صدارت نہ سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی سی بی کسی سابق کرکٹرز کو اس عہدے کےلئے نامزد کرے۔ دوسرے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی ایک بڑا قدم ہے، اس اہم موقع پر یہ کسی سابق کرکٹر کا حق ہے کہ اسے آئی سی سی صدارت کا اعزاز ملے۔ دریں اثنا 92نیوز چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا آئی سی سی سے رابطہ رہے گا، پا کستان کرکٹ کی بہتری کےلئے کام کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا میں نے آئی سی سی اور پی سی بی کے چیئرمین کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے، آئی سی سی کی صدارت کےلئے آئندہ چند روز میں نام تجویز کیا جائے گا۔