Sunday, May 5, 2024

 انٹرنیشنل این جی او سیو دی چلڈرن پر پابندی کے اعلان کے دوسرے ہی روز فیصلہ واپس

 انٹرنیشنل این جی او سیو دی چلڈرن پر پابندی کے اعلان کے دوسرے ہی روز فیصلہ واپس
June 16, 2015
اسلام آباد(92نیوز)پاکستان نے غیر ملکی این جی او سیو دی چلڈرن پر پابندی کا اعلان کیا لیکن ایک دن میں ہی فیصلہ واپس لے لیا گیااس کے پیچھے کیا راز ہےکس نے دبائو ڈالاکیا دھمکی ملی،دھمکی دینے والے کون تھےاور ملکی مفاد کے نام پر پابندی لگانے والوں کو کس بڑے مفاد نے فیصلہ واپس لینے پر مجبور کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک غیر ملکی اخبار کے مطابق برطانوی این جی او سیو دی چلڈرن کے دفاتر پاکستان میں بند کرنے کا فیصلہ اسحاق ڈار نے واپس لینے کیلئے اہم کردار ادا کیا۔ اخبار کے مطابق سیو دی چلڈرن پر پابندی کے نفاذ سے پہلے برطانیہ کے وزیر بین الاقوامی ترقی جسٹن گریننگ نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو فون  کرکے پابندی کے نتائج سے خبردار کر دیا تھا لیکن وزارت داخلہ برطانوی حکومت کے انتباہ کو خاطر میں نہ لائی۔ پابندی کا حکم نامہ جاری ہونے سے پہلےامریکہ اور یورپی یونین سمیت نو ملکوں کے سفیروں نے وزیر داخلہ سے ملاقات بھی کی یہ کوشش بھی کامیاب نہ ہوئی برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر پیٹرک مودی اور پاکستان میں برطانوی محکمہ بین الاقوامی ترقی کے سربراہ رچرڈ منٹگمری نے جمعہ کی رات وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاک سیکرٹریٹ میں ملاقات کرکے فیصلہ واپس لینے یا پھر نتائج بھگتنے کے لئے تیار رہنے کی دھمکی دی۔ برطانیہ کے محکمہ بین الاقوامی ترقی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لئے ستر ملین پاؤنڈ کی امداد روکنے کی دھمکی بھی  دی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی امداد روکنے کی بھی دھمکی دی گئی جس نے سیو دی چلڈرن پر لگی پابندی اٹھانے کے لئے جادو کا کام کیا۔ وزیر خزانہ نے دھمکیاں ملنے پر ایک لمحہ بھی ضائع نہ کیا،سیدھے چودھری نثار کے پاس پہنچےاور انہیں صورتحال سے آگاہ کیا،فوری طور پر سیکشن افسر کو رات گئے بلا کر نیا حکم نامہ جاری کر دیا گیا۔