Thursday, April 25, 2024

انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں تصادم کے دوران جاں بحق طالبعلم کی نمازجنازہ ادا

انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں  تصادم کے دوران جاں بحق طالبعلم کی نمازجنازہ ادا
December 13, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد میں طلبا تنظیموں کے تصادم میں جاں بحق طالبعلم کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی۔ جاں بحق ہونے والے طالبعلم طفیل الرحمن کی نماز جنازہ یونیورسٹی کے باہر کشمیرہائی وے پر ادا کی گئی۔ نماز جنازہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے پڑھائی جس میں لیاقت بلوچ سمیت پارٹی کے دیگر رہنمائوں اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو میں واقعے کو سازش قرار دے دیا اور کہا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے ریکٹر یونیورسٹی پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ یونیورسٹی میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ ترجمان پمز کے مطابق  گزشتہ رات اسپتال میں 35 زخمی طلبہ لائے گئے۔ طبی امداد کے بعد34 طلبہ کو ڈسچارج کر دیا گیا اور ایک طالبعلم زیرعلاج ہے۔