Friday, April 26, 2024

انٹربینک میں ڈالر 169 روپے 25 پیسے کا ہو گیا

انٹربینک میں ڈالر 169 روپے 25 پیسے کا ہو گیا
September 15, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) انٹربینک میں ڈالر نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ 31 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 169 روپے 25 پیسے کا ہو گیا۔

ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ انٹربینک میں ڈالر 169.25 روپے پر آ گیا۔ گزشتہ چار ماہ میں ڈالر 16 روپے 66 پیسے مہنگا ہو چکا ہے۔

دنیا بھر میں تجارت اور معیشت کا انحصار اس وقت قیمتی ڈالر پر ہے۔ پاکستان میں بھی اجناس سے لے کر پٹرولیم مصنوعات تک سبھی کی قیمتوں کا تعین ڈالر کی قیمت سے ہوتا ہے۔

پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود اربوں ڈالر سے زائد کی چائے، مصالحہ جات، خوردنی تیل، چینی اور دالیں درآمد کرتا ہے۔

پٹرولیم مصنوعات، تیل یا گیس کے ذخائرکی دریافت، ٹیلی کام سیکٹر ہو یا پھر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے ڈالر کے اوپر جاتے ہی غریب کی جیب پر بوجھ بڑھ جاتا ہے۔

بات کریں موجودہ حکومت کی تو تحریک انصاف نے 2018 میں جب اقتدار سنبھالا تو ڈالر 123 روپے کا تھا جو اگست 2020 میں 163 روپے کی بلند ترین سطح پرجا پہنچا۔ اگلے 7 ماہ میں روپے کی قدر کی میں بہتری ہوئی تو ڈالر 153 روپے تک آیا لیکن 7 مئی سے اب تک ڈالر 17 روپے 64 پیسے مہنگا ہوا جبکہ گزشتہ چار ماہ میں ڈالر 16 روپے 66 پیسے مہنگا ہو چکا ہے۔