Thursday, March 28, 2024

انٹرا پارٹی انتخابات: تحریک انصاف کو جواب جمع کرانے کیلئے 27 دسمبر تک مہلت

انٹرا پارٹی انتخابات: تحریک انصاف کو جواب جمع کرانے کیلئے 27 دسمبر تک مہلت
December 18, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کے معاملے پر الیکشن کمیش نے تحریک انصاف کو جواب جمع کرانے کے لئے 27 دسمبر تک مہلت دیدی۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے کی درخواست کی سماعت کی۔
تحریک انصاف کی جانب سے اعظم سواتی پیش ہوئے۔
جواب نہ آنے پر چیف الیکشن کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تفصیلات مانگی تھیں تاہم گزشتہ سماعت پر کوئی نہیں آیا۔
اس پر اعظم سواتی بولے کہ وہ ملک سے باہر تھے۔ آرڈر شیٹ نہیں ملی۔آپ نے کہا کہ اب آرڈر جاری کرینگے۔ پارٹی تو فیصلہ کے انتظار میں تھی لیکن اچانک اضافی دستاویزات مانگ لی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں معزز رکن الیکشن کمیشن کو اچانک دستاویزات طلب کرنے کا خیال کیسے آیا؟؟۔
چیف الیکشن کمشنر نے اعظم سواتی کی اس وضاحت پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن جب چاہے دستاویزات طلب کر سکتا ہے۔
اس کے بعد اعظم سواتی نے استدعا کی کہ دفتر تبدیل کر رہے ہیں۔ 2 ہفتے کا وقت دیا جائے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ پہلے تفصیلات جمع کرا دیں۔ دفتر بعد میں تبدیل کر لینا۔
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو جواب جمع کرانے کےلئے 27 دسمبر تک مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں اعظم سواتی نے کہا کہ تحریک انصاف واحد سیاسی جماعت ہے جس نے الیکشن کا انعقاد خوش اسلوبی سے کرایا۔ انہوں نے کہا کہ درخواست بوگس ہے۔