Saturday, April 20, 2024

انٹر میلان اور مانچسٹر یونائیٹڈ نے یورپا فٹبال لیگ کے سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا

انٹر میلان اور مانچسٹر یونائیٹڈ  نے یورپا  فٹبال  لیگ کے سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا
August 11, 2020

لندن ( 92 نیوز) انٹر میلان اور مانچسٹر یونائیٹڈ  نے یورپا  فٹبال  لیگ کے سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا ، انٹر میلان نے کوارٹر فائنل میں لیور کوسن کو دو،ایک سے شکست دی جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ نے دلچسپ مقابلے کے بعد کوپن ہیگن کو ایک صفر سے  زیر کیا۔

یورپا لیگ  میں  دلچسپ مقابلے جاری  ہیں ، انٹر میلان اور مانچسٹر یونائیٹڈ نے  یورپا لیگ کے سیمی فائنل  کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

پہلے کوارٹر فائنل میں  انٹر میلان  اور  لیور کوسن کی ٹیمیں  مد مقابل ہوئیں ، دونوں ٹیموں نے  پہلے ہاف میں جارحانہ کھیل پیش کیا ، 14ویں منٹ میں نیکولو باریلا نے گول داغ کرانٹر میلان کو برتری دلا دی ۔ 21 ویں  منٹ میں روملو لوکاکو   نے  گیند کو جال میں پھینک کر ٹیم کی  برتری دگنی کر دی۔

24 ویں منٹ میں لیورکوسن کے  ہیورٹز  نے  گول  کر   کے میچ میں واپسی کی  کوشش کی ، پہلے ہاف میں  انٹر میلان کو دو،ایک  کی برتری حاصل رہی۔

دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں  مزید کوئی گول اسکور نہ کر سکیں اور انٹر میلان نے دو،ایک سے میچ اپنے نام کیا۔

دوسرے کوارٹر فائنل میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی اور کوپن ہیگن کی ٹیمیں آمنے سامنے  ہوئیں ، مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں گول اسکور نہ کر سکیں ۔ میچ کے اضافی منٹس میں برونو فرنینڈس نے گول  کر کے مانچسٹر یونائیٹڈ کو ایک صفر سے کامیابی دلائی۔