Sunday, September 8, 2024

انوکھا چور !!! روس میں جیلر نے 50کلو میٹر لمبی سڑک چوری کر کے بیچ ڈالی

انوکھا چور !!! روس میں جیلر نے 50کلو میٹر لمبی سڑک چوری کر کے بیچ ڈالی
January 16, 2016
ماسکو (ویب ڈیسک) روسی حکام نے ایک جیلر کو 50کلو میٹر لمبی ہائی وے چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملک کے شمالی علاقے کومی کے جیل خانہ جات کے قائمقام نائب سربراہ ایلیگزینڈر پروٹوپوپوو نے اپنی نگرانی میں سڑک کو اکھاڑا اور پھر اس کے سات ہزار کنکریٹ کے سلیب بیچ دیے۔ حکام کا اندازہ ہے کہ اس چوری سے قومی خزانے کو 79 ہزار ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق سڑک کو اکھاڑنے کا کام ایک سال سے زیادہ عرصے میں 2014ءاور 2015ءمیں کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ کنکریٹ کے یہ سلیب ایک کمرشل کمپنی کو بیچے گئے اور اس کمپنی نے بھی آگے ان کو بیچ کر منافع کمایا۔ جیلر ایلیگزینڈر کومی مذکورہ جیل میں 2010ءسے 2015ءتک تعینات رہے اور اس عرصے میں ان کو کئی ایوارڈز بھی ملے۔ ایلیگزینڈر کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اگر ان پر الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو ان کو دس سال تک کی قید بھی ہو سکتی ہے۔ کومی ریپبلک روس کے شمالی علاقے میں ہے اور اس میں زیادہ تر جنگلات ہیں اور یہ علاقہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے جیسے تیل، گیس وغیرہ۔ واضح رہے کہ روس میں سڑک کی تعمیرات کی صنعت میں سب سے زیادہ بدعنوانیاں سامنے آتی ہیں۔