Friday, March 29, 2024

انور مجید کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بنانے والے ڈاکٹر کوعدالت طلب کر لیا گیا

انور مجید کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بنانے والے ڈاکٹر کوعدالت طلب کر لیا گیا
November 20, 2018
کراچی (92 نیوز) کراچی کی بینکنگ کورٹ نے انور مجید کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور انور مجید کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بنانے والے ڈاکٹر کوعدالت میں طلب کر لیا۔ اومنی گروپ سے اربوں روپے کی چینی غائب کرنے کے معاملے پر نجی بینکوں کی جانب سے 20 سے زائد کرمنل کمپلینٹس کی بینکنگ کورٹ میں سماعت ہوئی۔ اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کو دوسری بار بھی پیش نہ کرنے پر عدالت نے اظہار برہمی کیا۔ ایڈمنسٹریٹر کارڈیو اسپتال ڈاکٹر حمید اللہ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ انور مجید کو کیا بیماری ہے۔ ڈاکٹر حمید اللہ نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر انور مجید کا علاج کر رہےہیں۔ وہی اس بارے میں بتا سکتے ہیں۔ عدالت نے ڈاکٹر طاہر صغیرکو آئندہ سماعت پر رپورٹس سمیت طلب کر لیا۔ آئندہ سماعت پر انور مجید کو بھی پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ نوڈیرو شوگر ملز کی ڈائریکٹر صائمہ مجید کہاں ہے۔ وکیل نے بتایا کہ وہ بیرون ملک ہیں۔ عدالت نے صائمہ مجید کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دئے۔ کیس کی  سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی اور کہا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔