Thursday, March 28, 2024

انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا

انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا
July 17, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا، پریس کانفرنس میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ  30 جولائی تک عہدے پر کام کروں گا۔ انضمام الحق نے کہا کہ میرے خیال میں اب نئے لوگوں کو آنا چاہئے ، نئے آنے والوں کو وقت بھی دینا چاہئے ، ٹیم کی پرفارمنس میری نظر سے بہت اچھی تھی ، پاکستان نے فائنل میں کوالیفائی کرنے والی دونوں ٹیمیں کو شکست دی ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم نے چار میچز جیتے ، ایک ڈرا ہو ا، میرے خیال سے اگر تھوڑی سی قسمت  اچھی رہتی تو  ہم مزید آگے جاتے ،  چیف سلیکٹر کے عہدے سے خود کو الگ کر رہا ہوں ، اگر بورڈ کسی اور جگہ  خدمات کا کہے گا تو فراہم کروں گا۔ شعیب ملک سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ  شعیب ملک میرے ساتھ تین سال سے  موجود ہے ، اگر ہم نے تین سال میں 50 سے 60 ون ڈے  کھیلے تو تمام میں شعیب ملک  شامل تھا اور سب میں اچھی  کارکردگی دی اسے اس  وجہ سے سلیکٹ کیا گیا تھا۔ امام الحق کی سلیکشن سے متعلق چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ امام الحق انڈر 19 ٹیم میں شامل ہوا اور وائس کپتان تک پہنچا ، اس نے  اب تک قریب 40 میچز کھیلے ہیں اور  50 سے زائد کی اوسط سے رنز بنائے ہیں، اسے میرے ساتھ منسوب کرنا مناسب نہیں ہے  ، ویسے  بھی کپتان اور کوچ کی مشاورت کے بغیر  کوئی کھلاڑی نہیں کھیل سکتا۔