Wednesday, April 24, 2024

انصار الاسلام پر پابندی ، وزارت داخلہ کے افسر  کو کل طلب کرلیا گیا

انصار الاسلام پر پابندی ، وزارت داخلہ کے افسر  کو کل طلب کرلیا گیا
October 28, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) انصار الاسلام پر پابندی کے معاملے پر  اسلام آباد ہائیکورٹ نے  وزارت داخلہ کے افسر کو کل طلب کرلیا ، چیف جسٹس اطہر من اللہ نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئے کہ ایک چیز موجود ہی نہیں اور اس پر پابندی لگا دی گئی ؟ ، خاکی وردی کی بجائے سفید پہن لیں تو پھر کیا ہوگا، میری رائے کے مطابق تو یہ نوٹیفکیشن ہی غیر موثر ہے ۔ انصار الاسلام پر حکومت کی جانب سے پابندی  کیخلاف کیس کی سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ  جسٹس اطہر من اللہ نے کی ، جے یو آئی ف کے وکیل  نے دلائل دیے کہ ہمیں وزارت داخلہ نے سنے بغیر پابندی لگا دی ، تنظیم پرائیویٹ ملیشیا نہیں بلکہ  جے یو آئی ف کا حصہ ہے ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ تنظیم پرائیویٹ ملیشیا نہیں لیکن ڈنڈے تو ہیں جس پر وکیل نے موقف اپنایا کہ  ڈنڈے تو جھنڈوں کیساتھ ہوتے ہیں ، جے یو آئی ف سیاسی جماعت کے طور پر الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے ۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ میری رائے میں یہ نوٹیفکیشن ہی غیر موثر ہے ، بڑی عجیب بات ہے کہ ایک چیز موجود ہی نہیں اور اس پر پابندی عائد کردی گئی ہے ، اگر وجود ہی نہیں تو پابندی کیسے لگ سکتی ہے ، خاکی وردی کی بجائے سفید پہن لیں تو پھر کیا ہوگا۔ عدالت نے کہا کہ وزارت داخلہ مطمئن کرے کہ کسی کو سنے بغیر پابندی کیسے لگا دی ، عدالت نے وزارت داخلہ کے افسر کو طلب کرتے ہوئے کل تک کیلئے سماعت ملتوی کر دی۔